گھر کا مثالی فرد کیسے بنیں؟ از قلم: نوید احمد راہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "خيركم خيركم لأهله، وأنا خيركم لأهلي" ترجمہ: تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہترین ہو، اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم سب سے بہترین ہوں۔ معاشرے میں انسان کی اصل قدر و قیمت تب بنتی ہے جب اسے اس کے اپنے گھر میں عزت اور ویلیو دی جائے۔ باہر کی دنیا میں آپ کتنے ہی کامیاب کیوں نہ ہوں، اگر گھر میں آپ کی بات کی وقعت نہیں تو آپ کی شخصیت ادھوری ہے۔ یہ بات میں اپنے ذاتی تجربے، مشاہدے اور دانشوروں کی کتب کے مطالعے کی روشنی میں آپ سے شیئر کر رہا ہوں۔ بعض اوقات ہم گھر میں کسی کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں، بھلائی کرنا چاہتے ہیں، لیکن تجربے کی کمی اور غلط طریقہ کار کی وجہ سے ہم اپنی ہی ورتھ گرا دیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم اپنے گھر کے مثالی فرد کیسے بنیں؟ اس کا جواب آپ کے گھر میں آپ کے مقام پر منحصر ہے۔ 1. اگر آپ گھر میں چھوٹے ہیں تو: آپ کی سب سے بڑی ذمہ داری ادب ہے۔ ادب کے دامن کو مضبوطی سے تھام لیں۔ ماننے والے بن جائیں، بحث کرنے والے نہیں۔ چھوٹا بن کر رہنے میں ہی بڑا بننے کا راز ہے۔ جب بڑے آپ کو فرمانبردار دیکھیں گے تو خود بخود آپ پر اعتماد اور محبت بڑھے گی اور آپ کی رائے کی اہمیت بھی بڑھ جائے گی۔ 2. اگر آپ گھر کے ذمہ دار فرد، بڑے بھائی یا سربراہ ہیں تو: یہ آپ کے لیے سب سے بڑا چیلنج اور امتحان ہے۔ آپ کو لیڈر بننا ہے، آمر نہیں۔ آپ نے اس گھر کی گاڑی کو کم خرچ، کم وقت میں، محبت کے ساتھ آگے لے کر جانا ہے۔ اس کے لیے چند اصول ہمیشہ یاد رکھیں: پہلا اصول: انصاف کریں گھر میں انصاف قائم کریں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا قول ہے کہ گھر انصاف سے چلتے ہیں۔ سب بچوں، بہن بھائیوں میں برابری رکھیں۔ کسی ایک کی طرف داری دوسروں میں حسد پیدا کرتی ہے۔ دوسرا اصول: ڈکٹیٹر نہ بنیں اگر گھر کے لوگ صرف آپ کے خوف سے آپ کی عزت کرتے ہیں تو یہ عزت نہیں، یہ خطرہ ہے۔ مارنے، ڈانٹنے اور غصے سے بات بنتی نہیں، بگڑتی ہے۔ نفسیات کہتی ہے کہ یہ Z جنریشن مار سے نہیں، دلیل سے مانتی ہے۔ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، ہر شخص سیانا ہے۔ آپ زبردستی کسی کو راہِ راست پر نہیں لا سکتے۔ آج کے دور میں بات دلیل، نرمی اور محبت سے منوائی جاتی ہے۔ تیسرا اصول: قول و فعل میں تضاد نہ رکھیں وہ کام خود کبھی نہ کریں جس سے آپ اپنے چھوٹوں کو روک رہے ہوں۔ اگر آپ خود جھوٹ بولیں گے اور بچوں کو سچ کا درس دیں گے تو اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ آپ کا عمل آپ کی سب سے بڑی نصیحت ہے۔ چوتھا اصول: ان کی زندگی میں حقیقی دلچسپی لیں ان سے پوچھیں کہ ان کے دوست کون ہیں؟ وہ کس کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہیں اور کیوں؟ ان کا خواب کیا ہے؟ وہ کیا بننا چاہتے ہیں؟ ان کی حوصلہ افزائی کریں، ان کے خوابوں کو سپورٹ کریں۔ نفسیاتی طور پر جب انسان کو یہ احساس ہو کہ اسے سنا جا رہا ہے، تو وہ آپ کے قریب ہو جاتا ہے۔ پانچواں اصول: وقت دیں اور موبائل سے بچیں گھر والوں کے لیے خاص وقت نکالیں۔ ان کے سامنے ہر وقت موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔ آپ کی توجہ ہی آپ کی محبت کا ثبوت ہے۔ چھٹا اصول: مثالی کردار بنیں 1. دین کی پابندی کریں۔ نماز اور اخلاق میں سب سے آگے رہیں۔ 2. اپنا کام خود کریں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ذاتی کام خود کیا کرتے تھے۔ کسی پر حکم نہ چلائیں اور ہر وقت اپنی خدمت نہ لیں۔ 3. کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے گھر والوں سے مشورہ کر لیں۔ مشورے سے محبت بڑھتی ہے اور فیصلے میں برکت ہوتی ہے۔ 4. خوش اخلاق اور نرم مزاج رہیں۔ اپنے سے بڑوں کا انتہائی ادب کریں تاکہ چھوٹے آپ سے سیکھیں۔ 5. میانہ روی اختیار کریں۔ نہ زیادہ کنجوس بنیں اور نہ فضول خرچ۔ 6. ایک اہم اصول: اپنے دوستوں کی باتیں گھر میں اور گھر کی باتیں دوستوں میں نہ کریں۔ یہی گھر کے راز اور عزت کی حفاظت ہے۔ خلاصہ: مثالی فرد وہ نہیں جو گھر پر حکومت کرے، بلکہ وہ ہے جو گھر کی خدمت کرے۔ آپ خود ایک نمونہ بن جائیں، گھر والے خود بخود آپ جیسا بننے کی کوشش کریں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

چھ ماہ کی مختصر کہانی

ناکامی: ایک طاقتور ہتھیار بن سکتی ہے ✌️ ایک نیا ہتھیار ​زندگی کی جنگ میں کبھی کبھی تیر ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی درمیان سے ٹوٹ جاتا ہے۔ بظاہر یہ ایک ناکامی نظر آتی ہے، ایک ایسا لمحہ جہاں لگتا ہے کہ کھیل ختم ہو گیا اور ہماری تمام تر محنت ضائع ہو گئی۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ ​ٹوٹنا دراصل ختم ہونا نہیں، بلکہ ایک نئی شروعات ہے۔ جب ایک پرانی سوچ یا پرانی حکمت عملی ناکام ہوتی ہے، تو وہ ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اگلی بار نشانہ کیسے باندھنا ہے۔ ناکامی ہمیں ہماری خامیاں دکھاتی ہے، ہمیں مزید مضبوط بناتی ہے، اور ہمارے اندر صبر و برداشت کی وہ صلاحیت پیدا کرتی ہے جو کامیابی کی پہلی شرط ہے۔ ​اگر آپ بھی زندگی میں کسی ایسے ہی موڑ پر کھڑے ہیں جہاں لگتا ہے کہ آپ کا تیر ٹوٹ چکا ہے، تو یاد رکھیں کہ یہ اختتام نہیں ہے۔ ناکامی کو اپنا خوف بنانے کے بجائے اسے ایک طاقتور ہتھیار بنائیں۔ اپنی غلطیوں سے سیکھیں، خود کو دوبارہ سنبھالیں اور ایک نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں۔ جو انسان اپنی ناکامیوں کو اپنی طاقت بنا لیتا ہے، اسے دنیا کی کوئی طاقت ہرانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ازقلم نوید احمد راہی

آپ کا ذھن ایک خالی کھیت ہے