آپ کا ذھن ایک خالی کھیت ہے
آپ کا ذہن خالی کھیت کی مثل ہے، اس میں جیسا بیج بوئیں گے اسی معیار کی فصل حاصل ہوگی۔
انسان کا ذہن پیدائشی طور پر خالی نہیں، بلکہ زرخیز ہوتا ہے۔ یہ وہ کھیت ہے جو کبھی بنجر نہیں ہوتا، اس میں ہر بیج اگتا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ آپ اس میں کیا بوتے ہیں۔
اگر آپ اس میں روز خوف کا بیج بوئیں گے کہ "میں ناکام ہو جاؤں گا، لوگ کیا کہیں گے، میرا نصیب ہی خراب ہے" تو یہ کھیت آپ کو وہی فصل دے گا۔ آپ کی سوچ ویسی، آپ کے فیصلے ویسے، اور آپ کی زندگی ویسی۔
اور اگر اسی کھیت میں آپ امید کا بیج بو دیں کہ "میں کر سکتا ہوں، اللہ میرے ساتھ ہے، آج مشکل ہے تو کل آسانی ہے" تو یہی کھیت آپ کو حوصلہ، ہمت اور کامیابی کی فصل دے گا۔
مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپنے کھیت کی رکھوالی نہیں کرتے۔ ہم ہر کسی کو اس میں بیج پھینکنے کی اجازت دے دیتے ہیں۔ ٹی وی، سوشل میڈیا، منفی دوست، فضول خبریں، غیبت، حسد - یہ سب آ کر ہمارے ذہن کے کھیت میں جھاڑیوں کے بیج پھینک جاتے ہیں۔ پھر ہم شکایت کرتے ہیں کہ دل کو سکون نہیں، نیند نہیں آتی، زندگی میں بے برکتی ہے۔ سکون کیسے آئے؟ کھیت تو کانٹوں سے بھر چکا ہے۔
تو کرنا کیا ہے؟
1. بیج کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں: صبح اٹھتے ہی قرآن کی ایک آیت، اچھی کتاب کا ایک صفحہ، کسی کامیاب انسان کی بات سننا - یہ اچھے بیج ہیں۔
2. جھاڑیوں کو اکھاڑ پھینکیں: جس محفل میں آپ کی برائی ہوتی ہے، جہاں آپ کو اپنے آپ سے نفرت محسوس ہو، جہاں ہر وقت سیاست، نفرت اور مایوسی کی بات ہو، اس محفل سے اٹھ جائیں۔ یہ آپ کے کھیت کی جھاڑیاں ہیں۔
3. پانی اور وقت دیں: ایک دن اچھا سوچنے سے فصل نہیں اگتی۔ بیج کو روز پانی چاہیے۔ یعنی روز کی مثبت سوچ، روز کا شکر، روز کی دعا۔
یاد رکھیں، دنیا آپ کو آپ کے کپڑوں، آپ کی گاڑی یا آپ کے نام سے نہیں جانتی۔ دنیا آپ کو آپ کے رویے سے جانتی ہے، اور آپ کا رویہ آپ کے ذہن میں بوئے ہوئے بیج کی فصل ہے۔
آج فیصلہ کر لیں کہ اس کھیت میں کیا اگانا ہے۔ کیونکہ فصل لازمی اگے گی، اچھی یا بری، فیصلہ آپ کا ہے۔
ہر کسی کو فالو نہیں کرنا چاہیے، پہلے اپنی منزل کا تعین کریں کہ مجھے کہاں جانا ہے، ورنہ کوئی آپ کو غلط منزل پر لے جائے گا۔ خود کو ٹرک کی بتی کے پیچھے مت لگائیں، بلکہ سوچ سمجھ کر کسی کو فالو کریں۔ مثبت لوگوں کو فالو کریں، جو آپ کی دنیاوی اصلاح بھی کرے اور اخروی بھی۔ ہر کسی کو فالو کرنے سے آپ کا مائنڈ سیٹ غلط بھی بن سکتا ہے جس کا آپ کو اندازہ بھی نہ ہو۔
خدارا ان لوگوں کو ڈھونڈیں جو معاشرے میں مثبت پہلو تلاش کرتے ہیں، جو آپ کو بڑا خواب بھی دیتے ہیں اور آپ کو خدا سے خوف اور امید بھی سکھاتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس قسم کے لوگ آٹے میں نمک کے برابر ہیں اور اس کی وجہ ہم خود ہیں۔ ہم میمز، فضول ڈراموں، گانے بجانے، جھوٹے فلٹرز کے، جو کبھی حقیقت پر مبنی نہیں ہوتے، سنسنی، تھرتھراہٹ اور ٹک ٹاک کے عادی ہو چکے ہیں۔ جو ہمیں علم و عرفان کی بات کرتا ہے، دانش و عقل کی بات کرتا ہے، ہم اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں اور فضول ٹرینڈز بناتے ہیں، فضول چیزوں کو وائرل کر دیتے ہیں۔ کتنی بدنصیب قوم ہیں ہم۔
میرے استادِ محترم جناب قاسم علی شاہ صاحب کا یہی گلہ ہے کہ میری ویڈیوز اس لیے وائرل نہیں ہوتیں کہ میں علم کی بات کرتا ہوں۔ لیکن چلو اس امید سے کہ جنگل شیروں سے خالی نہیں ہوتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وَمَا عَلَيْنَا إِلَّا الْبَلَاغُ
از قلم: نوید احمد راہی
Comments
Post a Comment